کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے پارلیمانی لیڈر مفتی محمد قاسم فخری، رکن سندھ اسمبلی محمد یونس سومرو نے نیب کے چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ ماحولیات سندھ میں ہونے والی کرپشن کا جنگی بنیادوں پر آپریشن کریں. کئی روز گذرنے کے باوجود ابراہیم حیدری مبارک ولیج میں تیل سے پانی آلودہ ہونے کا محکمہ ماحولیات کی جانب سے نوٹس نہ لیاجانا اور ہنگامی بنیادوں پر غیر صحت مند آلودہ ماحول سے لوگوں کو تحفظ فراہم نہ کرنا محکمہ ماحولیات کی مکمل ناکامی اور کرپشن کا مستند ثبوت ہے، یہ دونوں اراکین اسمبلی مبارک ولیج کے متاثرہ لوگوں کےایک بڑے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ سندھ میں سرکاری محکموں کوجمہوری اور قانون کے مطابق چلانے کے بجائے شاہانہ اور من مانے طریقوں سے چلایا جارہا ہے جس کے باعث سندھ کے عوام کی خدمت کے سرکار ی ادارے بدعنوانی کی آماجگاہ بن گئے ہیں جبکہ مبارک ولیج میں آلودہ ماحول کو درست نہ کرنے کی صورت میں وبائی امراض پھیلنے کے خطرات لاحق ہو چکے ہیں محکمہ ماحولیات نمائیشی اقدامات کے ذریعے اپنی اصل ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی یونس سومرو نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد مبارک ویلیج کو دورہ بھی کریں گے اور سندھ اسمبلی میں اس سلسلے میں تحریک لبیک اپنی آواز ضرور اُٹھائے گی.
![]()