کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری کی سربراہی میں ایک وفد نے سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ ندیم الرحمٰن میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافی برادری کو درپیش مسائل، میڈیا اداروں کی مالی صورتحال اور سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں صدر نصراللہ چوہدری کے ہمراہ سینئر نائب صدر فاروق سمیع، نائب صدر منصور احمد، جوائنٹ سیکریٹری عبدالرحمن اور خازن زین علی شامل تھے۔ وفد نے سیکریٹری اطلاعات کو نجی ٹی وی چینل نیوز ون سمیت مختلف میڈیا اداروں میں ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور غیر یقینی صورتحال پر تشویش سے آگاہ کیا۔
نصراللہ چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ وہ میڈیا اداروں کو دیے جانے والے اشتہارات کو ملازمین کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے تاکہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی مسائل میں کمی آئے اور صحافت کے شعبے میں استحکام پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صحافی برادری شدید مالی دباؤ کا شکار ہے، جس کے حل کے لیے حکومت کا تعاون ناگزیر ہے۔
سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ اطلاعات اشتہارات کو ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے گا تاکہ سرکاری وسائل کا براہِ راست فائدہ صحافیوں اور میڈیا ملازمین کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کے یو جے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونینز کا فعال کردار صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر کے یو جے کے صدر نے امید ظاہر کی کہ حکومتی وعدوں کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا اور ورکرز کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔