راولپنڈی, (ویب اسپورٹس) پاکستان کے ڈیبیو اسپنر آصف آفریدی کی نپی تُلی بولنگ نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے اختتام پر مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے اور وہ پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 333 کے مقابلے میں 148 رنز پیچھے ہے۔
پاکستان کے اسکور کے جواب میں جنوبی افریقہ کے دونوں اوپنرز ایڈن مرکرم (32) اور رائن رِکلٹن (14) محض 54 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ٹرِسٹن اسبس اور پہلے ٹیسٹ کے سنچورین ٹونی ڈِی زورزی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 113 قیمتی رنز جوڑے۔
دن کے اختتامی لمحات میں آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ڈی زورزی کو 55 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، جنہوں نے اپنی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے لگائے، اور فوراً بعد دیوالڈ بریوس کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ دکھائی۔ کھیل کے اختتام پر ٹرِسٹن اسبس 68 اور کائل ویرین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 259 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تاہم سعود اپنی پانچویں سنچری سے محروم رہے اور 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی آخری پانچ وکٹیں محض 17 رنز کے اضافے سے گریں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشَو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سات وکٹیں 102 رنز کے عوض حاصل کیں، جبکہ کاگیسو ربادا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔