کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی کی خواتین کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پنک بس سروس کا نیا روٹ 17 نومبر 2025 سے فعال ہو رہا ہے، جو عبداللہ چوک سے نمائش تک مقرر کیا گیا ہے ابتدا میں خواتین کے لیے تین اوقات مخصوص کیے گئے ہیں: صبح 8 سے 9 بجے، دوپہر 1 سے 2 بجے اور شام 5 سے 7 بجے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ سروس مکمل طور پر خواتین کے لیے مختص ہے، جس میں آرام، تحفظ اور بہتر انتظامات کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں خواتین کو روزانہ سفر کے دوران مختلف مشکلات کا سامنا رہتا ہے، اور اس اقدام سے ان کے سفر میں نمایاں سہولت اور اطمینان پیدا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کا مقصد ہے کہ خواتین اپنی تعلیم، ملازمت اور دیگر امور اعتماد کے ساتھ انجام دے سکیں بسوں میں سیکیورٹی، ٹریکنگ سسٹم اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہوگا، جبکہ مستقبل میں اس سروس کو مزید علاقوں تک بڑھانے کا بھی ارادہ ہے، تاکہ خواتین کے لیے زیادہ محفوظ اور سہل شہری ماحول فراہم کیا جا سکے۔