Home / اہم خبریں / پی ایس 102 میں صفائی کی ابتر صورتحال، محمد عامر صدیقی کا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے جواب طلب

پی ایس 102 میں صفائی کی ابتر صورتحال، محمد عامر صدیقی کا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے جواب طلب

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پی ایس 102 سے ایم کیو ایم کے محمد عامر صدیقی نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو خط ارسال کرتے ہوئے حلقے کی یونین کمیٹیوں 1 تا 6 میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں کچرے کے ڈھیر معمول بن چکے ہیں جبکہ صفائی کا نظام مؤثر انداز میں کام کرتا دکھائی نہیں دیتا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محمد عامر صدیقی نے اپنے خط میں الزام عائد کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ چند منٹ کے لیے فیلڈ میں آ کر تصاویر بنواتا ہے اور بعد ازاں غائب ہو جاتا ہے، جبکہ زمینی حقائق اور رپورٹ شدہ کارکردگی میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس طرزِ عمل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض شکایات کے مطابق صفائی عملہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے یوسی چیئرمینوں کے دفاتر میں وقت گزارتا ہے، جس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
انہوں نے بورڈ سے پی ایس 102 میں تعینات تمام صفائی کارکنوں کی مکمل فہرست، عمر، تنخواہوں، تعیناتیوں اور رابطہ معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد عامر صدیقی نے کم عمر افراد سے صفائی کا کام لیے جانے کی شکایات پر بھی وضاحت طلب کرتے ہوئے صفائی عملے کی حاضری اور مانیٹرنگ کے نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ مشترکہ دورے کی تجویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے میں صفائی کے مسائل کے فوری حل اور مؤثر اصلاحی اقدامات کے لیے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

صدر آصف علی زرداری پر لکھی گئی کتاب ’’سپریم کمانڈر آف پاکستان‘‘ کی تقریب رونمائی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق ایم این اے ٹکٹ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے