کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 124 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی گرین شرٹس نے ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آٹھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں کوالیفائی کرلیا۔ کپتان عبدالرزاق 99 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ’نروس نائنٹیز‘ کا شکار ہوئے جبکہ نائب کپتان فواد عالم نے 53 رنز اسکور کیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے جدوجہد کرتی نظر آئی اور صرف 100 رنز تک محدود رہی ذوالفقار بابر، محمد علی اور محمد سلیمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم وکٹیں حاصل کیں عمدہ کارکردگی پر عبدالرزاق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ کے اختتام پر سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان سندھ منور علی میسر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
گروپ اے سے دوسری ٹیم کا فیصلہ آج ساؤتھ افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے سے ہوگا دونوں ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں تاہم رنز ریٹ کی بنیاد پر ساؤتھ افریقہ کو سبقت حاصل ہے گروپ بی میں بھی سیمی فائنل کوالیفکیشن کا فیصلہ آج شیڈول میچوں کے بعد ہوگا۔
دوسرے میچز میں ریسٹ آف دی گلف نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو تین وکٹ سے ہرایا، جبکہ ساؤتھ افریقہ نے ہانگ کانگ کو 25 رنز سے شکست دی سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کی یو اے ای نے کینیڈا کو سات رنز سے مات دی، اور آسٹریلیا نے امریکہ کے خلاف چھ وکٹ سے کامیابی سمیٹی۔