کراچی، (ویب ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں جاری فلمی اور میڈیا پروجیکٹس، ترقیاتی سکیموں کی تشہیر اور ادارے کی مجموعی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر نے محکمہ اطلاعات کو تمام فلمی، ڈاکیومنٹری اور میڈیا پروجیکٹس جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
شرجیل انعام میمن نے حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے میگا پروجیکٹس، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو بروقت اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم، ڈاکیومنٹری اور دیگر تخلیقی مواد کے ذریعے قومی بیانیے، امن، رواداری، یکجہتی اور ترقیاتی اقدامات کو عوام تک سادہ اور متاثر کن انداز میں پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے معاشرے میں مثبت پیغام پھیلانا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ محکمہ اطلاعات کو چاہیے کہ وہ فلم و میڈیا کے ہر شعبے میں ایسا معیاری مواد تیار کرے جو سندھ کی ثقافت، تاریخ، عوامی مفاد، حکومتی کارکردگی اور سماجی مسائل کو نمایاں طور پر پیش کرے۔ انہوں نے محکمہ کی پروڈکشن کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور تکنیکی معیار بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایات دیں۔
شرجیل میمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبائی حکومت نوجوان فلم سازوں اور میڈیا پروفیشنلز کے لیے مواقع بڑھا رہی ہے تاکہ نئی تخلیقی صلاحیتیں سامنے آئیں اور مثبت بیانیہ مضبوط ہو سکے۔ اجلاس میں جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی جس پر سینئر وزیر نے حکام کو ٹارگٹس کے مطابق کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یوسف کابورو، ڈائریکٹر ایڈمن منصور راجپوت، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو نے شرکت کی۔