سیلہٹ، (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش نے سیلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دو، صفر سے تاریخی کامیابی حاصل کر لی بنگلہ دیش نے پہلی بیٹنگ میں 278 اور دوسری میں 390 رنز بنائے، جبکہ پاکستان کی ٹیم 232 اور 358 رنز پر آؤٹ ہو گئیں۔ میزبان ٹیم کی جانب سے لیتن داس نے پہلی باری میں شاندار 126 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا جبکہ مشفیق الرحیم نے دوسری باری میں 137 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد مضبوط کی پاکستانی فاسٹ بولر خرم شہزاد نے دونوں اننگز میں چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی
437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آخری روز بھرپور مزاحمت کی۔ محمد رضوان نے 94 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی جبکہ شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم تجمل اسلام کی شاندار اسپن بولنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی تجمل اسلام نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اس کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش نے اپنی ٹیسٹ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل چار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔