کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سلمان سعید کی شاندار بیٹنگ کی بدولت شوبز الیون نے نیا ناظم آباد میں کھیلا گیا فیم ویلز اسٹارز پریمیئر لیگ سیزن سیون جیت لیا۔ فائنل میں سوشل میڈیا اسٹارز کو 35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں یوشی برادرز کے زیر اہتمام اور فیم ویلز کے تعاون سے برقی قمقموں کی روشنی میں یہ مقابلہ کھیلا گیا۔ شوبز الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز اسکور کیے۔ اوپنر سلمان سعید نے صرف 20 گیندوں پر 63 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے، جبکہ تائید خان نے 20 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں سوشل میڈیا اسٹارز کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز ہی بنا سکی۔ فیصل قریشی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین کارکردگی پر سلمان سعید کو "مین آف دی میچ” قرار دیا گیا۔
مہمانِ خصوصی چیئرمین فیم ویلز منور عباس شیخ نے فاتح و رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ مستقبل میں بھی کھیلوں کی سرپرستی کرتا رہے گا۔
تقریب میں صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ، اسٹارز پریمیئر لیگ کے بانی زبیر الیاس، منیجر اسپورٹس محمد آصف سمیت بڑی تعداد میں شہری، کھلاڑی اور فنکار موجود تھے۔ انعامات کی تقسیم کے بعد شاندار میوزیکل کنسرٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔