کراچی، (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کے اکثریتی شیئرز کے مالک محمد شاہد نے کہا ہے کہ ان کے پارٹنر حمزہ مجید ان کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر مبنی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز میں شراکت داری کا باقاعدہ تحریری معاہدہ موجود ہے، جسے کسی بھی عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے محمد شاہد کے مطابق حمزہ مجید کا یہ دعویٰ کہ دونوں کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ مجید کی جانب سے انہیں 76 فیصد شیئرز فروخت کیے گئے، جس کے بعد کسی دوسری پارٹی کو زیادہ قیمت پر 50 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی کوشش غیرقانونی اقدام ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے اس معاملے کو میڈیا میں اٹھایا تو حمزہ مجید نے اپنے وکیل کے ذریعے شراکت داری ختم کرنے کے لیے قانونی نوٹس بھیج دیا۔ محمد شاہد نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کے درمیان کوئی معاہدہ موجود نہیں تھا تو انہیں نوٹس کس حیثیت میں بھیجا گیا؟ ان کے بقول یہ نوٹس اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ باقاعدہ پارٹنر ہیں۔
محمد شاہد نے واضح کیا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل انتظامیہ نے بروقت اس تنازع کو حل نہ کیا تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے، جس کے لیے مکمل قانونی تیاری کر لی گئی ہے۔