اسلام آباد، (اسٹاف رپورٹر) سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (SPRA) کے 40 رکنی وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مختلف حصوں بشمول سینیٹ ہال، سینیٹ میوزیم، گلیِ دستور اور میڈیا لابی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
میڈیا لابی آمد پر ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی ظفر سلطان، ڈائریکٹر میڈیا سینیٹ سیکریٹریٹ اسد اللہ خان، پی آر اے پاکستان کے صدر عثمان خان اور سیکریٹری جنرل نوید اکبر نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو دونوں ایوانوں کی کارروائیوں، میڈیا کوریج کے طریقہ کار، اور پارلیمانی رپورٹنگ کے اصول و ضوابط سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔
وفد کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اکائیوں کے پی آر اے ممبران کی باہمی مشاورت سے ایک مربوط طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ اگر کسی اکائی کو درپیش مسئلہ ہو تو تمام صحافتی ادارے متحد ہو کر اس کا حل تلاش کریں۔
ڈائریکٹر میڈیا سینیٹ اسد اللہ خان اور ڈی جی میڈیا قومی اسمبلی ظفر سلطان نے سندھ کے صحافی وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ صحافی برادری کا یہ رابطہ اور مکالمہ پارلیمانی صحافت کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔