کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) حکومتِ سندھ نے کاروباری برادری اور عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو مقررہ بندش کے اوقات سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کاروباری مراکز اب سابقہ پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقاتِ کار جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے مخصوص اوقات توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے تھے، تاہم تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوامی مفاد اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔