کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ہفتہ کے روز آغا خان اسپتال کراچی میں بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے بس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سعید غنی نے کراچی منتقل کیے گئے 6 زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کے اہل خانہ کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر تمام زخمیوں کا مکمل علاج سندھ حکومت کروا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی سے جانے والی بس کو گزشتہ رات کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا، جس کے بعد شدید زخمیوں کو پاکستان نیوی کے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔