تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سندھ حکومت کا جنوری تا جون 2026 کے دوران 18 میگا اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کا فیصلہ، تھر جیپ ریلی مارچ کے آخری ہفتے میں ننگرپارکر میں ہوگی

سندھ حکومت کا جنوری تا جون 2026 کے دوران 18 میگا اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کا فیصلہ، تھر جیپ ریلی مارچ کے آخری ہفتے میں ننگرپارکر میں ہوگی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) سندھ حکومت نے رواں سال جنوری سے جون 2026 کے دوران صوبہ بھر میں 18 میگا اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا ہے، جن میں تھر جیپ ریلی، سندھ گیمز، اسپیشل گیمز اور مختلف ثقافتی و روایتی کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا سید ذوالفقار شاہ، مکیش کمار چاولہ، سیکریٹری کھیل منور مہیسر، رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھر جیپ ریلی مارچ کے آخری ہفتے میں ننگرپارکر میں منعقد کی جائے گی، جبکہ ریلی کے ٹریک کو 92 کلو میٹر سے بڑھا کر 150 کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایونٹ کو مزید سنسنی خیز بنانا اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں 19ویں سندھ گیمز اپریل کے پہلے ہفتے میں کرانے کی تجویز دی گئی، جبکہ ان کے لیے درکار بجٹ کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ سے لی جائے گی۔ وزیر کھیل نے بتایا کہ سردار غلام محمد خان مہر کے نام سے سکھر میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ رواں ماہ جنوری سے 15 فروری تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ کلبز کی 40 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

دیگر میگا ایونٹس میں 24 جنوری کو ٹھٹہ میں بیل گاڑی ریس، 6 اور 7 فروری کو مٹھی میں تھر فیسٹیول، جنوری کے آخری ہفتے میں لاڑکانہ کے گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میگا ملاکھڑا، 13 تا 15 فروری کراچی میں سندھ اسپیشل گیمز، اپریل میں گھوٹکی فیسٹیول، اپریل کے آخری ہفتے کراچی میں بیچ گیمز اور 3 تا 5 مئی لیاری میں سندھ پنک فٹبال کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور میگا اسپورٹس ایونٹس کے ذریعے نہ صرف نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا بلکہ صوبے کی مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

کے یو جے دستور کا 15 فروری سے رکنیت سازی مہم شروع کرنے کا اعلان

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے 15 فروری سے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے