کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر)
اسپورٹس جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کی آئندہ دو سالہ مدت کے لیے فاؤنڈر پینل کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سجاس کے بانی عبید الرحمن اعوان پہلی مرتبہ صدر کے عہدے کے لیے الیکشن میں حصہ لیں گے، جبکہ سینئر اسپورٹس اینکر پرسن نسیم راجپوت جنرل سیکریٹری کے امیدوار ہوں گے۔
انٹرنیشنل ہاکی کمنٹیٹر اور سینئر اسپورٹس صحافی ریاض الدین صدیقی نائب صدر، محسن رضا خان خازن اور غلام مصطفیٰ عزیز جوائنٹ سیکریٹری کے عہدوں کے لیے امیدوار ہوں گے۔
اسی طرح سینئر اسپورٹس صحافی رشاد محمود، عمر شاہین اور جمشید احمد راجپر ایگزیکٹو کمیٹی کی نشستوں پر انتخابی میدان میں اتریں گے۔
اسپورٹس جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ کے رجسٹرڈ ممبران 4 فروری کو کراچی پریس کلب میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔