کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں آج بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے ’پنک ڈے‘ منایا جائے گا، جس کا مقصد اس مرض کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ یہ آگاہی مہم پاکستان کے پہلے بریسٹ کینسر چیریٹی اسپتال پنک ربن کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔
آج نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کا چھٹا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈیز مدمقابل ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
پنک ڈے کے موقع پر تمام کھلاڑی، آفیشلز اور میچ حکام گلابی کیپس اور ربنز پہن کر اس آگاہی مہم کا حصہ بنیں گے، جبکہ میچز میں استعمال ہونے والے اسٹمپس اور گرافکس بھی خصوصی طور پر گلابی رنگ میں پیش کیے جائیں گے۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی فاطمہ ثنا، سیدہ عروب شاہ، رامین شمیم اور منیبہ علی کو بھی اس آگاہی مہم کے سلسلے میں اسٹیڈیم مدعو کیا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی میچ سے قبل چاروں ٹیموں کے ساتھ وارم اپ ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کینسر کے کیسز میں سب سے زیادہ شرح بریسٹ کینسر کی ہے، جس کے پیشِ نظر اس بیماری کے بارے میں آگاہی نہایت ضروری ہے۔ اس مہم کا مرکزی پیغام بروقت طبی معائنہ کروانا اور اس بیماری کا حوصلے اور ثابت قدمی سے مقابلہ کرنا ہے۔
شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آج رات آٹھ بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر گو پنک ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اس آگاہی مہم کا حصہ بنیں اور اپنے خیالات کا اظہار کریں۔