کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل یاسین شر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ کے اراکین سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے وفد کو ممبران کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کے ممبران ایم ڈی اے کی اسکیم میں جلد از جلد گھروں کی تعمیر مکمل کر کے وہاں رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے یاسین شر، سیکرٹری ایم ڈی اے علی محمد اور ان کی ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ ممبران کو رہائش کے حصول میں ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ رہائش کے عمل میں کوئی قانونی رکاوٹ حائل نہیں، تاہم متعدد ممبران کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی اور درخواست فارم جمع نہ کرانے کے باعث پیش رفت متاثر ہو رہی ہے۔
ڈی جی ایم ڈی اے کے مطابق واجبات کی ادائیگی مکمل ہونے کے بعد ممبران کو پوزیشن لیٹرز ایک باقاعدہ تقریب میں صوبائی وزیر کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔
سیکرٹری کراچی پریس کلب کی درخواست پر ایم ڈی اے کی جانب سے ایک فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جو ہر پندرہ دن بعد پریس کلب کا دورہ کرے گا اور ممبران کو درپیش مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرے گا۔
مزید برآں 30 اپریل کو ایم ڈی اے کے آئندہ دورے کا شیڈول بھی طے کیا گیا، جس میں متعلقہ ٹیم ممبران کے ہمراہ پیش رفت کا جائزہ لے گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 80/20 فارمولہ طے ہونے کے بعد بیشتر رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اور اب عملی اقدامات کے آغاز کی توقع ہے۔
ملاقات میں نائب صدر امتیاز کھوکھر، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع، ممبر گورننگ باڈی شیما صدیقی، جاوید مہر، عبدالجبار ناصر اور سابق صدر سعید سربازی بھی شریک تھے۔