کراچی,(رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے روز مزید چھ میچوں کے نتائج سامنے آگئے، جن میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 57 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر 192 رنز اسکور کیے۔ نائب کپتان فواد عالم نے 28 گیندوں پر 56 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا جبکہ طارق محمود 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم چھ وکٹوں پر 135 رنز بنا سکی۔ محمد سلیمان نے 35 رنز دے کر تین اور ذوالفقار بابر نے 16 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے روز کھیلے گئے میچوں میں سب سے بڑا کارنامہ متحدہ عرب امارات کے بیٹر ملک قمر کے نام رہا جنہوں نے ساؤتھ اینڈ کلب میں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 57 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار سنچری اسکور کرکے اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پہلی سنچری کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کی اننگز میں گیارہ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 139 رنز بنائے تھے جسے یو اے ای نے 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کراچی جمخانہ میں ریسٹ آف دی گلف نے زمبابوے کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز بنائے جبکہ ریسٹ آف دی گلف نے تین اوور قبل ہدف حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دن کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے امریکہ کے خلاف 173 رنز کا مجموعہ اسکور کیا تاہم امریکہ نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ٹارگٹ عبور کرلیا۔
دن کے آخری دو میچوں میں ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ کراچی جمخانہ میں ساؤتھ افریقہ نے کنیڈا کو یکطرفہ مقابلے میں دس وکٹوں سے شکست دی۔ کنیڈا کی پوری ٹیم صرف 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ ساؤتھ افریقہ نے بغیر نقصان کے ہدف حاصل کرلیا۔ ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 43 رنز سے ہرادیا۔ آسٹریلیا نے 151 رنز بنائے جبکہ مخالف ٹیم 108 رنز تک محدود رہی۔