کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سی پی اے ایشیا ریجن کے برانچ سیکریٹریز کا ایک اہم اجلاس سندھ اسمبلی میں منعقد ہوا، جس میں سی پی اے ایشیا پارلیمانی ایکسچینج پروگرام کے مسودے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کی میزبانی سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے کی جبکہ میزبان سیکریٹری جی ایم عمر فاروق نے اجلاس کی کارروائی کی قیادت کی۔
اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت اسپیشل سیکریٹری اور سی پی اے ایشیا کے برانچ سیکریٹری سید شمعون اشرف ہاشمی نے کی۔ شرکاء نے 5 سے 7 دن پر مشتمل قلیل المدتی پارلیمانی ایکسچینج پروگرام کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا، جس کا مقصد ایشیا ریجن کے ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا اور تجربات کے تبادلے کو مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کے ساتھ ملائیشیا اور مالدیپ کے پارلیمانی سیکریٹریٹس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے اس پروگرام کو ادارہ جاتی تربیت کو مضبوط بنانے، جمہوری صلاحیتوں میں اضافے اور خطے میں پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔