کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/پارلیمانی رپورٹر) سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایس پی آر اے) کے عہدیداران نے سندھ اسمبلی میں منعقدہ بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایس پی آر اے کے صدر کامران رضی، جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ، نائب صدر عبدالحمید سومرو، جوائنٹ سیکرٹری ارباب علی چانڈیو، سیکریٹری اطلاعات دودو چانڈیو، خازن وکیل راؤ اور آفس سیکریٹری سنجے سادھوانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایسے عالمی فورمز جمہوری اقدار کے فروغ، پارلیمانی روابط کے استحکام اور خطے میں مکالمے کی روایت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بین الاقوامی سطح کے وفود کی شرکت صوبے اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ایس پی آر اے عہدیداران نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے پارلیمانی ہم آہنگی، باہمی تعاون اور جمہوری روایات کے فروغ میں مزید بہتری آئے گی اور مستقبل میں اس طرح کے عالمی مکالموں کا تسلسل خوش آئند ثابت ہوگا۔