Home/اہم خبریں/سندھ ویمنز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ، محمد حسین اور ظہیر عباس اکیڈمی کی فتح، بسمہ امجد اور ہانیہ احمر پلیئر آف دی میچ رہیں
سندھ ویمنز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ، محمد حسین اور ظہیر عباس اکیڈمی کی فتح، بسمہ امجد اور ہانیہ احمر پلیئر آف دی میچ رہیں
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ ویمنز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ محمد حسین ویمن کرکٹ اکیڈمی اور ظہیر عباس کرکٹ اکیڈمی نے اپنے میچز جیت لیے۔ ایم ایس ویمن کرکٹ اکیڈمی اور پرو ایتھلیٹک ویمن کرکٹ کلب کو شکست ہوگئی۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل اسٹیڈیم پر جاری ایونٹ میں منگل کو دونوں میچز لو اسکورنگ رہے۔ پہلے میچ میں پرو ایتھلیٹک ویمن کرکٹ کلب 18.1 اوورز میں 66 رنز پر آؤٹ ہوگئی اس کی جانب سے یسریٰ احتشام 32 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ محمد حسین ویمن اکیڈمی کی جانب سے بسمہ امجد نے تین، عروب شاہ نے دو جبکہ اریجہ حسیب، انوشے ناصر اور اریبہ حنیف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں فاتح ٹیم نے 10.4 اوورز میں چار وکٹوں پر مطلوبہ 67 رنز بنا کر 6 وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ناجیہ علوی 19 اور اریبہ حنیف 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ردا حسین اور عائشہ امجد نے ایک ایک وکٹ لی۔ بسمہ امجد پلیئر آف دی میچ قرار دی گئیں۔ انہیں صغیر عباس نے یہ ایوارڈ دیا۔ دوسرے میچ میں ایم ایس ویمن کرکٹ اکیڈمی پہلے کھیلتے ہوئے 17.4 اوورز میں صرف 37 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس کے 7 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ عروہ سید 8 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ظہیر عباس اکیڈمی کی جانب سے ہانیہ احمر، شبانہ طارق اور عمیمہ سہیل نے دو جبکہ کائنات امتیاز، رمامہ اور مہک امین نے ایک ایک وکٹ لی۔ جواب میں فاتح ٹیم نے 4.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے 9 وکٹ سے کامیابی سمیٹی۔ ثنا عروج نے27 رنز بنائے۔ ظہیر عباس اکیڈمی کی ہانیہ احمر پلیئر آف دی میچ رہیں۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد اور سلیم جعفر مہمان خصوصی تھے جبکہ ایونٹ کو آرڈی نیٹر سید راحت علی، ظفر احمد، شاہ، احمد علی جعفری اور انجینئر عارف وحید بھی موجود تھے۔