Home / اہم خبریں / کراچی کی تیس فیصد آبادی کو نلکے کا پانی ملتا ہے، اس میں بھی ڈنڈی مار دی جاتی ہے۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی کراچی طارق چاندی والا

کراچی کی تیس فیصد آبادی کو نلکے کا پانی ملتا ہے، اس میں بھی ڈنڈی مار دی جاتی ہے۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی کراچی طارق چاندی والا

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ کراچی کی صرف تیس فیصد آبادی کو نلکے کا پانی ملتا ہے اور اس میں بھی اکثر ڈنڈی مار دی جاتی ہے۔ کراچی پر اندرون سندھ سے جعلی ڈومیسائل پر لائے گئے لوگ مسلط ہیں جنہیں نہ مسائل کا ادراک ہے اور نہ اس کے حل میں دلچسپی ہے۔ کراچی کے عوام ٹینکر کا پانی بھی خریدتے ہیں اور پینے کے لئے صاف پانی علیحدہ خریدتے ہیں۔ یہ پسی ہوئی عوام پر ناجائز بوجھ ہے۔ کے فور منصوبہ کہاں گیا؟ اس میں کتنی کرپشن ہوئی؟ تحقیقات کے لئے آزاد کمیشن قائم کیا جائے۔

حکومت سندھ بتائے کہ ٹینکر مافیا کا سرپرست کون ہے؟ کیونکہ پچاس سال سے سندھ پر ان کی اندھیر نگری چوپٹ راج قائم ہے۔ عمران خان کراچی کے لئے صرف ادھر ادھر چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے زبانی جمع خرچ تو ضرور کیا ہے لیکن کام دھیلے کا کرنے نہیں دیا ہے۔ کراچی اصل آبادی کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ اس کا نظم پیپلز پارٹی نے ایک دودھ پیتے بچے کے حوالے کر دیا ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی اور نہ ہی صوبے کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ پیپلز پارٹی حلوے مانڈے والی پارٹی ہے، پیسہ دیکھتے ہی بے ایمانی اور کرپشن کے لئے رال ٹپکنے لگتی ہے۔ سندھ سرکار باران رحمت کو بھی زحمت بنا کر پیش کرتی ہے تاکہ بین الااقوامی برادری سے بھیک مانگ سکے۔ بارش کا پانی ضائع کرنے کی بجائے ذخیرہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔

پاسبان پبلک سیکریٹریٹ میں ہونے والی ہفتہ وار میٹنگ میں شہر قائد میں پانی کی شدید قلت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ مرتضی وہاب سے وکالت نہ چلی تو کراچی کا بیڑہ غرق کرنے آگئے ہیں۔ عوام بگ تھری کو مسترد کردیں اور پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کو ووٹ دیِں۔ پاسبان اقتدار میں آکر ان چوروں اور ڈاکوؤں کو گریبانوں سے پکڑ کر عوام کے سامنے سزا کے لئے پیش کرے گی۔ کراچی میں اب حلوائی کی دکان اور نانا جی کی فاتحہ اب بلاول نہیں کر سکیں گے۔پاسبان ہر ظلم کے خلاف ٹھوس اقدامات کے لئے میدان میں آ چکی ہے۔ زرداری بھی سن لے کہ وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے۔ اب ان کے ہاتھوں کے طوطے بھی اڑنے والے ہیں۔ پاسبان کا انقلاب اور سیلاب ان سب لٹیروں کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔عوام پاسبان کی کال پر لبیک کہنے کے لئے تیار رہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے