کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک کے اقتدار اور ایوانوں میں موجود حکمران، وزیر اور مشیر کورونا سے نمٹنے کی آڑ میں دنیا سے پاکستان کے نام پر بھیک مانگ مانگ کر اپنی جیبوں میں بھر رہے ہیں۔ غریب عوام کی اکثریت کورونا وائرس اور بھوک سے مر رہی ہے اور کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔ دنیا بھر سے جمع ہونے والی امدادی رقومات عوام میں کہیں تقسیم ہوتی نظر نہیں آرہیں، تو پھر آخر یہ کہاں جا رہی ہیں؟ ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو شدید خطرات لاحق ہیں اور عوام کی حالت زار پر بھی کسی کی توجہ نہیں۔ حکمران احساس کریں کہ یہ وقت اپنی جیبیں بھرنے کا نہیں ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے مزید کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے پہلے ہی محروم کر رکھا تھا کہ اب کورونا وائرس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر کئے جانے والے لاک ڈاؤن سے مڈل کلاس، مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔ دنیا پر کورونا جیسی سنگین وبا آزمائش کی طرح مسلط ہو چکی ہے لیکن پاکستان میں اشرافیہ بے ایمانیوں میں ملوث ہے۔ کورونا کے نام پر اکٹھا کی جانے والی اربوں کھربوں روپے کی امداد مستحقین تک پہنچنے کے بجائے کرپٹ عناصر کی جیبوں اور اکاؤنٹس میں جارہی ہے۔ ایک جانب دنیا بھر سے آنے والی خیرات کا کچھ پتہ نہیں چل رہا تو دوسری جانب ملک میں کرپشن کا پہیہ بدستور گھوم رہا ہے۔ ایسے میں پچھلے کچھ عرصہ میں کی گئی آٹے اور چینی کی قلت، بنیادی ضرورت کی اشیاء کے مہنگے کئے جانے کی وجوہات، عوامل اور ملوث افراد کی کرپشن کی رپورٹس کا منظر عام پر آنا اور حکومت اور اداروں کی جانب سے چُپ سادھ لینا بھی موجودہ نظام کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔ اقبال ہاشمی نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں امداد کو شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچانے کے عمل کو یقینی بنائیں ورنہ یہ امداد بھی چوروں اور لٹیروں کی جیبوں میں جاتی رہی تو بعد میں کف افسوس ملنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جائے گا۔ پورے ملک میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت کا بھی پورا بندوبست کیا جائے تاکہ کورونا متاثرین اور دیگر امراض کے شکار مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے۔ حکومت کی جانب سے غریب عوام کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی راشن تقسیم کرنے کی مہم جاری، مہم میں خیال رکھا ہے کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ شیخ فرہاد
https://www.nopnewstv.com/the-credo-welfare-associations/