کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اٹھارویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ کے اعلان میں تاخیر اور ملک کی ابتر معاشی صورتحال پر جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کی دعوت پر 9 جولائی جمعرات کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، اے پی سی کی صدارت جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کریں گے، ان خیالات کا اظہار جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے جامعہ مدنیہ گلشن اقبال میں جے یوآئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری، مولانا محمد غیاث، سمیع الحق سواتی، بزنس فورم کے صوبائی صدر امین للہ اور شرف الدین اندھڑ نے شرکت کی، مولانا راشد سومرو نے کہا کہ جے یوآئی سندھ کی صوبائی مجلس عاملہ نے 15جون کو لاڑکانہ کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کرکے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا، اسی فیصلے کے تحت جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ 9 جولائی کو کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی کی کامیابی کیلئے جے یوآئی نے تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین کو اعتماد میں لیکر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے مرکزی اور صوبائی قائدین کو شرکت کیلئے انہیں آج سے صوبائی جماعت کی جانب سے دعوت نامے جاری کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں تمام احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لایا جائے گا، سیاسی و مذہبی جماعت کے دو نمائندے اور جے یوآئی کی جانب سے صوبائی مجلس عاملہ کے چند اراکین شرکت کریں گے، آل پارٹیز کانفرنس مکمل احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کے ساتھ منعقد ہوگی۔ اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کیلئے جے یو آئی نے صوبائی ذمہ داران پر مشتمل مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں، انتظامی کمیٹی مولانا راشد محمود سومرو اور امین اللہ جبکہ استقبالیہ کمیٹی مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری پر مشتمل ہوگی، سیکیورٹی کمیٹی کے ارکان مولانا محمد غیاث اور شرف الدین اندھڑ ہوں گے۔ جبکہ ذارئع ابلاغ اور میڈیا کمیٹی کے نگران محمد سمیع سواتی ہوں گے۔ مولانا راشد سومرو نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر 9 جولائی کو شام 4 بجے جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ اے پی سی کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: پاکستان کی ترقی پاکستانیوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، اربن سنٹرز کے میئرز کو لندن، پیرس اور نیویارک کی طرز پر اختیارات دیئے جائیں۔ راؤ محمد خالد
https://www.nopnewstv.com/the-development-of-pakistan/