کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان چشتی نے سنو نیوز، ایک نیوز سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی تمام واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور آئندہ ہر ماہ مقررہ وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کئی ماہ تک تنخواہیں روکنے کے باعث صحافی اور میڈیا ورکرز شدید معاشی مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں ان کے لیے گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم اور اہل خانہ کے علاج معالجے جیسے بنیادی معاملات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ نصراللہ چوہدری نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں روکنا ان کے معاشی اور ذہنی استحصال کے مترادف ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ریحان چشتی نے خبردار کیا کہ اگر سنو نیوز اور ایک نیوز کی انتظامیہ نے ملازمین کی واجب الادا تنخواہیں فوری ادا نہ کیں تو کے یو جے (دستور) دیگر صحافتی اور میڈیا ورکرز تنظیموں کے ساتھ مل کر دونوں اداروں کے دفاتر کا گھیراؤ اور بھرپور احتجاجی مظاہرے کرے گی گورننگ باڈی کے اراکین نے بھی میڈیا ہاؤسز کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زیرِ التوا واجبات فوری ادا کرنے کے ساتھ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے مستقل پالیسی بنائی جائے۔ یونین رہنماؤں نے واضح کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی استحصال اور بنیادی حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہا جائے گا اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔