گیارہویں رشید ڈی حبیب گولف ٹورنامنٹ میں وحید بلوچ مسلسل تیسرے روز سرِفہرست دفاعی چیمپین اور حمزہ امین مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بینک الحبیب کے گیارہویں رشید ڈی حبیب معوریل نیشنل پروفیشنل گولف ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ آج کراچی گولف کلب کے سرسبز کورس پر کھیلا گیا۔ ہفتے کے روز بھی کراچی گولف کلب کے وحید بلوچ شاندار کھیل پیش کرکے لیڈرز بورڈ پر سرِفہرست رہے۔ وحید بلوچ نے اپنی مجموعی برتری 13 انڈر پار کر لی ہے۔ اب وہ ٹائٹل کے حصول سے تھوڑے ہی فاصلے پر ہیں۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپئن شبیر اقبال ترقی کرتے ہوئے حمزہ تیمور امین کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ دارالحکومت کے دونوں گولفر آٹھ آٹھ انڈر پار کا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔