کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سندھ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا، جب کہ دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان یکم جون تک اور نویں جماعت کے نتائج 15 جون تک جاری کیے جائیں گے۔ اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے، انٹر سال دوم کے نتائج 15 جون کو جبکہ سال اول کے نتائج 30 جون تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں گزشتہ برسوں کی طرح موسم سرما اور موسم گرما کی تعطیلات برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاہم تعطیلات کے حتمی تعین کے لیے اپریل میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں شجرکاری مہم پر خصوصی زور دیتے ہوئے طے کیا گیا کہ رواں موسم بہار میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں “ایک بچہ، ایک پودا” مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔