Home/اہم خبریں/ایم پاک فٹ بال چیمپئن شپ مدھو محمڈن نے ماڑی پور بلوچ کو ہرا کر اپنے نام کرلی، پاکستان میں فٹ بال کے اعلی پائے کے کھلاڑی موجود ہیں۔ شیخ امتیاز حسین
ایم پاک فٹ بال چیمپئن شپ مدھو محمڈن نے ماڑی پور بلوچ کو ہرا کر اپنے نام کرلی، پاکستان میں فٹ بال کے اعلی پائے کے کھلاڑی موجود ہیں۔ شیخ امتیاز حسین
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم اور گلشن ساکر کلب کے اشتراک سے ایم پاک فٹ بال چیمپئن شپ مدھو محمڈن نے اپنے نام کرلی، فائنل میچ میں مدھو محمڈن نے ماڑی پور بلوچ کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی، فائنل میچ کے مہمان خصوصی پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے نادر نبیل گبول جبکہ اعزازی مہمان ایم پاک کے صدر شیخ امتیاز حسین، گلوبل سیکریٹری سید ناصر وجاہت، نعمان احمدانی، گلشن ساکر کے چیف پیٹرن عبدالکریم آڈھیا تھے، تقریب سے مہمان خصوصی نادر نبیل گبول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں فٹ بال بے حد مقبول ہے یہاں کا بچہ بچہ فٹ بال کھیلنے کا شوق رکھتا ہے، لیاری سے اسٹریٹ چلڈرنز کی ٹیم بھی پاکستان کا نام روشن کر کے آئی ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں بہترین تربیت فراہم کی جائے تو وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں، انہوں نے نے کہا کہ ایم پاک پاکستانی معیشت کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی ایم پاک پاکستان کا مثبت امیج پیش کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے صدر شیخ امتیاز حسین نے کہا کہ پاکستان میں اعلی پائے کے فٹ بال پلیئر موجود ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے زیادہ ٹورنامنٹ معنقد کرائے انٹرنیشنل پلیئرز بھی پاکستان آئیں اور اس کھیل کو مزید فروغ حاصل ہو، شیخ امتیاز حسین نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے انٹرنیشنل کوچز کا انتظام کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو فٹ بال کے کھیل میں زیادہ سے زیادہ مہارت حاصل ہو اور وہ بہترین انداز میں نمایاں کھیل پیش کر سکیں انہوں نے کہا کہ فٹ بال ایک قدیم کھیل ہے جسے اسکولز اور کالجز کی سطح پر بھی متعارف کروایا جائے تاکہ پاکستان میں گراس روٹ سے کھلاڑی سامنے آسکیں، انہوں نے کہا کہ ایم پاک کی پوری کوشش ہے کہ ملک کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے اور فٹ بال کے بہترین ٹیم سامنے آئیں۔ اس موقع پر امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے گلوبل سیکریٹری سید ناصر وجاہت نے کہا کہ ایم پاک کاروبار صحت اور کھیل کی سرگرمیوں کے لئے بھرپور تعاون کر رہا ہے تاکہ مختلف کھیلوں کے لئے نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ فٹ بال کا کھیل امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بے حد مقبول ہے آخر میں چیمپئن شپ جیتنے والی مدھو محمڈن کی ٹیم کو مہمان خصوصی نادر نبیل گبول نے پچاس ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم ماڑی پور بلوچ کو 20 ہزار روپے اور رنر اپ ٹرافی دی علاوہ ازیں شاندار پرفارمنس پر مدھو محمڈن کے شاہ جہان مین آف دی میچ قرار پائے جنہیں مختلف انعامات سے نوازا گیا بیسٹ گول آف دی ٹورنامنٹ گلشن ساکر کے مدثر صابر، بیسٹ گول کیپر ماری پور بلوچ کے سمیر، بیسٹ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ماڑی پور بلوچ کے جلیل اور 10 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر مدھو محمڈن کے معین قرار پائے جنہیں انعامات اور شیلڈز کا تحفہ دیا گیا۔ اس موقع پر غیاث احمدانی، علی نواز، اعظم خان، سلیم پٹنی، عاکف خان، حسن بلوچ، ناصر اسماعیل، زاہد تاج اور دیگر بھی موجود تھے۔