مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) تناول میں صحت کی سہولیات کا فقدان، وی سی کڑم میں بی ایچ یو باڑہ کو تالے لگ گئے۔ بی ایچ یو میں سٹاف ہی موجود نہیں۔ محکمہ صحت اور سیاسی نمائندوں کی نااہلی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ زرائع کے مطابق علاقہ تناول میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے دور دراز پہاڑی علاقوں میں صحت کے مراکز غیر فعال ہیں۔ یو سی ساون میرا کی وی سی کڑم کے علاقہ باڑہ میں واقع بی ایچ یو کو تالے لگے ہوئے ہیں۔ ڈی ایچ او مانسہرہ نے بی ایچ یو میں تعینات عملے کو دوسرے اسٹیشنز پر ٹرانسفر کر دیا ہے۔ جسکی وجہ سے کئی ماہ سے بی ایچ یو باڑہ غیر فعال ہے۔ واضح رہے کہ یہ دشوار گزار علاقہ ہے اور یہاں کے عوام کو مانسہرہ یا دیگر علاقوں میں علاج معالجے کے لیے جانا پڑتا ہے جو بہت ہی مشکل ہے۔
عوام نے تبدیلی سرکار کی صحت کی ایمرجنسی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی ایمرجنسی ہے جس میں صحت کے مراکز کو تالے لگے ہیں۔ بی ایچ یو باڑہ سے تقریباً بیس ہزار کی آبادی مستفید ہو رہی تھی۔ عوام ایمرجنسی اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لیے طویل سفر پر مبجور ہیں۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بی ایچ یو باڑہ میں فوری طور پر سٹاف تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش صحت کے مسائل کم ہوں اور انکو اپنی اپنے قریبی علاقے میں علاج معالجے کی سہولت میسر ہو۔