کراچی، ( رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا جون ایلیا لان میں شاندار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی روز پاکستان آئیڈل کے پلیٹ فارم سے سامنے آنے والے گلوکاروں سمیت ملک کے معروف فنکاروں نے کلاسیکل، فوک اور دیگر اصنافِ موسیقی پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پہلے روز غلام عباس خان، محمود علی خان، راشد علی حیدری، اخلاق بشیر، نعمان خان، انتظار حسین، ممتاز سبزل، کامران سگو، عمران ناشاد، شہباز علی، حرا قیصر، کاشیہ کیف، نائلہ سلیم، سونیا خان اور ایشا ادیوال نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔
اس موقع پر محمد احمد شاہ نے کہا کہ موسیقی ہماری ثقافتی شناخت اور قومی ورثے کا اہم حصہ ہے، جبکہ فیسٹیول کا مقصد نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں اور زبانوں میں موسیقی کی خوبصورت روایات موجود ہیں، جنہیں ایک پلیٹ فارم پر اجاگر کرکے نئی نسل کو اپنے فن اور ثقافتی ورثے سے جوڑا جاسکتا ہے۔ آرٹس کونسل نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ہونے والا ورلڈ کلچر فیسٹیول بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے فن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ تین روزہ پاکستان میوزک فیسٹیول 27 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں فیملیز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے ذریعے شرکت کرسکتی ہیں۔