کراچی، (رپورٹ: ذیشان حسین) دسویں اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز اسپیڈ اسکیٹنگ چیمپئن شپ 2026 وومن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں منعقد ہوئی تقریب کی مہمان خصوصی کراچی پبلک اسکول کی پرنسپل سعدیہ عباسی تھیں جنہوں نے کہا کہ طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے کھیلوں کے مقابلے ضروری ہیں، ان سرگرمیوں سے طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ ایونٹ آرگنائزر اور ڈائریکٹر جنرل اسکیٹنگ پاکستان اجلان حیدر نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے اسپیڈ اسکیٹنگ کا شاندار ایونٹ منعقد ہوا انہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں تعاون کرنے والی اپنی ٹیم خصوصاً قومی و بین الاقوامی ایتھلیٹ حفصہ جاوید سمیت دیگر ارکان کی خدمات کو سراہا۔
اختتامی تقریب میں پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، نائب صدر ام لیلیٰ کلثوم کراچی کے چیئرمین فیصل ظفر، صدر عظمت پاشا، پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے ڈویلپمنٹ اینڈ پروموشن کوآرڈینیٹر سندھ عامر کفایت اور دیگر نے شرکت کی۔ چیمپئن شپ میں ایچ ایچ ایس (HHS) نے 10 تمغے، جن میں 4 طلائی تمغے شامل تھے، کے ساتھ پہلی، کریڈو اسکول نے 3 تمغے، جن میں ایک طلائی تمغہ شامل تھا، کے ساتھ دوسری جبکہ بیکن ہاؤس اسکول نے 3 تمغے، جن میں 2 چاندی کے تمغے شامل تھے، کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔