کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت نے فیک نیوز، جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے معاونت لینے کا فیصلہ کرلیا اس حوالے سے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات سندھ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ اور محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیک نیوز کی بروقت نشاندہی، تصدیق اور تدارک کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مین اسٹریم اور سوشل میڈیا کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی اور محکمہ اطلاعات میں مربوط مانیٹرنگ نظام قائم کرنے پر زور دیا گیا شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون مزید مؤثر بنایا جائے اور این سی سی آئی اے کے ساتھ رابطے مضبوط کیے جائیں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے جسے جدید ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جائے۔