گجرات،(رپورٹ ، مرزا عادل رحمان) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کنجاہ میں چوہدری شجاعت حسین لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا افتتاح کر دیا افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کنجاہ کا قیام درینہ عوامی مطالبے پر عمل میں لایا گیا ہے۔ کنجاہ کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر خواتین اور بچوں کے لیے ایسی تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کی سہولت کی اشد ضرورت تھی جہاں بچے کھیل کود اور تفریح کر سکیں جبکہ خواتین بھی واک اور ورزش کے ساتھ معیاری وقت گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارک کی دیکھ بھال اور سہولیات کو برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پارک میں واکنگ ٹریک، خوبصورت لان، بیٹھنے کے لیے بینچز، آؤٹ ڈور گیزبوز، بچوں کے لیے مختلف جھولا جات، فاؤنٹین، لائٹنگ، لائبریری اور دیگر تفریحی و عوامی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پارک میں خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ مردوں کے لیے رات 12 بجے سے صبح 5 بجے اور دوپہر 1 بجے سے 3 بجے تک اوقات مقرر ہیں خواتین کے لیے صبح 5 بجے سے دوپہر 3 بجے تک پارک استعمال کرنے کی سہولت ہوگی۔
پارک کی تعمیر و ترقی پر تقریباً 5 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔پارک کی تعمیر کے دوران زمین کی تیاری، لیولنگ، پری کاسٹ کرب اسٹونز، ٹف پیور، لان اور سبزہ کاری بیٹھنے کی سہولیات، گیزبوز، فاؤنٹین، برقی و سینیٹری تنصیبات سمیت مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز تعمیر کیے گئے ہیں شہریوں کی سہولت کے لیے پارک میں لائبریری اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔