کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں سندھ حکومت چین میں انویسٹمنٹ کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس میں اربوں روپے کے معاہدے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے سندھ اور چین کے صوبے ہونان کے درمیان اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبہ پاکستان کے لیے اہم سرمایہ کاری ہے، منصوبے میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے اور تھر کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک طرف کوئلہ درآمد کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب سندھ میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن سے مستقبل میں ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ بجلی برآمد کرنے کے امکانات بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
دائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ سوشل میڈیا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں، جبکہ این آئی سی وی ڈی، سائبر نائف سمیت جدید طبی سہولیات سے ملک بھر کے مریض استفادہ کر رہے ہیں۔l انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں گھروں کی تعمیر اور ایئرکنڈیشنڈ بس سروس سمیت مختلف اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرجیل میمن نے سیاسی اختلافات کو لسانی تنازعات میں تبدیل نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور کراچی پر اردو، سندھی اور پشتو بولنے والوں کا برابر حق ہے، لسانی سیاست اور تشدد سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے انہوں نے سیاسی اختلافات کو خواتین اور خاندانوں تک نہ لے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔