کراچی, (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے اجلاس عام میں اراکین نے مجلس عاملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور تنظیمی امور کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کراچی پریس کلب میں صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری پی ایف یو جے اے ایچ خانزادہ، سابق صدر کے یو جے دستور مقصود احمد یوسفی، سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی، شعیب احمد خان، ریاض ساگر، کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ سیکریٹری کے یو جے دستور ریحان خان چشتی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر اراکین نے مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے تنظیمی کارکردگی کو سراہا.
اجلاس میں موجودہ مجلس عاملہ کی مدت آئندہ انتخابات اور نئی باڈی کے انتخاب تک بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ باڈی کے انتخابات مئی 2026 میں ہونا تھے، تاہم مختلف وجوہات کے باعث انتخابات منعقد نہ ہوسکے۔ اراکین نے صدر، سیکریٹری اور مجلس عاملہ کی صحافیوں کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں کراچی پریس کلب کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے 639 اراکین کے ہاکس بے پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ اور منظم بیلٹنگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لیے فیملی پکنک، فلاحی و تربیتی پروگرامز، طبی سہولتوں اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔ اجلاس میں نئے ممبران کو ممبرشپ لیٹرز دیے گئے، جبکہ صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و معاشی مسائل، میڈیا ورکرز کے حقوق اور یونین کی آئندہ سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔