کراچی (رپورٹ : ذیشان حسین) پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن، محکمہ کھیل حکومت سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون جبکہ سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نارتھ کراچی جیم خانہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر ڈے سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ ریگولر ایونٹ میں کراچی بلوز نے کراچی وائٹس کو 21-15, 16-21 اور 21-10 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی جبکہ مکسڈ کوارڈ ایونٹ میں کراچی گرین نے کراچی ریڈ کو 21-17 اور 21-16 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت تھے۔ جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے شرکاء کو یوم یکجہتی کشمیر کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ کشمیر ضرور بنے گا پاکستان انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اپنا ہر ممکن تعاون سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے ساتھ جاری رکھے گی۔ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان کہا کہ میں منتظمین کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ چیئرمین سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے کہا کہ ہم آئندہ ماہ سندھ کی سطح پر ایک چیمپئن شپ منعقد کرنے جارہے ہیں جس کی تیاری جاری ہے اس ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے شامل ہونگے۔ نائب صدر اور رکن سلیکشن کمیٹی عارف وحید خان نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں دن بہ دن بہتری آرہی ہے آخر میں سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد نے تمام مہمانوں اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکے تعاون سے ہی ایونٹس کامیاب ہوتے ہیں۔