Home/اہم خبریں/کے ایچ اے کے تحت کشمیر ڈے میچز میں یوتھ ہاکی کلب، ایچ اے انڈر 9 بلیوز اور انڈر 12 اورنج کی ٹیمیں کامیاب، مشیر ربانی اور راشد ربانی کا میچ ڈرا
کے ایچ اے کے تحت کشمیر ڈے میچز میں یوتھ ہاکی کلب، ایچ اے انڈر 9 بلیوز اور انڈر 12 اورنج کی ٹیمیں کامیاب، مشیر ربانی اور راشد ربانی کا میچ ڈرا
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کشمیر ڈے نمائشی ہاکی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں کے ایچ اے میں آکر بچوں کو کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگا، مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور محکمہ کھیل حکومت سندھ کی معاونت سے اچھا کام کر رہی ہے، خصوصی طور پر سیکریٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ جن سے آج میری ملاقات ہوئی ان کے کام کی تعریف نہ کرنا غلط بات ہوگی۔ تمام پلیئرز کے لئے نیک خواہش کا اظہار کرتا ہوں اور اپنی جانب سے جو بھی تعاون ہوا، انشا اللہ اس کو جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منسٹر فار ویمن سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ کشمیر کے شہداء اور مجاہدین کو سلام پیش کرتی ہوں، کے ایچ اے نے آج اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جو یہ ہاکی میچز کا انعقاد کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے، چار سال کی محنت کے بعد شہر کراچی کی رونق بحال ہوئی ہے، بچے اور بچیاں اسپورٹس سرگرمیوں میں متحرک نظر آرہی ہیں، گراﺅنڈز آباد ہیں، اب ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر مقابلے ہو رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اسپیشل اسسٹنٹ وزیراعلی سندھ عروبہ راشد ربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا، ان کے مستقبل کے لئے بہت اچھا ہے، اپنے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جو بھی کام کیا جائے اس کو سراہنا چاہیئے۔ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ آفیئر حکومت سندھ سید امتیاز علی شاہ نے کہا کہ محکمہ کھیل سندھ صوبے اور کراچی میں کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہا ہے، گراس روٹ لیول پر ہر مثبت کام کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ کے ایچ اے شہر میں بہترین کام کررہی ہے، محکمہ کھیل ان کے ساتھ سپورٹ کرکے قومی کھیل کی بحالی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جونیئر بچوں پر مشتمل کے ایچ اے انڈر 9 بلیوز نے کے ایچ اے انڈر 9 اورنج کی ٹیم کو ایک صفر سے مات دی۔ میچ کا واحد گول عمر حسن نے بنایا۔ دوسرے میچ میں کے ایچ اے انڈر 12 اورنج نے کے ایچ اے بلیوز کی ٹیم کو ایک، صفر شکست دیدی۔ اس میچ میں علی رضا نے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ تیسرے میچ مشیر ربانی الیون اور راشد ربانی الیون کے مابین کھیلا گیا جو دلچسپ مقابلہ کے بعد ڈرا ہوگیا۔ چوتھے میچ میں یوتھ ہاکی کلب نے حنیف خان الیون کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ یوتھ ہاکی کلب کی جانب سے ایان سلیم ، حماد اور شاہ زیب خان نے ایک ایک گول اسکور کئے۔ حنیف خان الیون کی جانب سے واحد گول نعیم احمد نے بنایا۔ ان میچز میں گیسٹ آف آنر کے طور، صوبائی وزیر ویمن ڈیولمپنٹ سندھ اور چیئرپرسن کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سیدہ شہلا رضا،اسپیشل اسسٹنٹ وزیر اعلی سندھ عروبہ راشد ربانی اور سید امتیاز علی شاہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ آفیئر حکومت سندھ کے طور پر شریک ہوئے۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی تھے جنہوں نے کھیل کے اختتام پر کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر اولمپیئن حنیف خان، گلفراز خان، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر پرویز اقبال، عارف بھوپالی، نعیم احمد، ڈاکٹر ایس اے ماجد، ایس ایس پی اعجاز الدین، نسیم حسین، محسن علی خان، ریاض الدین، فرخ بدر، زاہد محمود، یوتھ ہاکی کلب کے سیکریٹری مصطفی جمیل سرفراز احمد سمیت دیگر موجود تھے۔