کراچی (رپورٹ : ذیشان حسین) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تین سال سے انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، زمین اور میرا ضمیردونوں کلیئر ہیں۔ زمینوں کے حقائق جاننے کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک ایک انچ زمین کی لیز کے کاغذات موجود ہیں، طارق قریشی میرے کزن اورماموں زاد بھائی ہیں۔ عظیم عادل شیخ میرے بڑے بھائی ہیں۔ یہ لوگ کسی کے فرنٹ مین یا قلفی والا نہیں، میرا ضمیر صاف اور زمین بھی کلیئر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹی کرپشن میں سندھ حکومت کے ہی لوگ ہیں۔ انٹی کرپشن خود اپنی کرپشن روک نہیں سکتی۔ میں عوامی نمائندہ اورعوام کو جوابدہ ہوں۔ 5 اگست کو سندھ ہائی کورٹ نے حکم امتناع دیا، پنجاب کا معاملہ مختلف ہے، یہ لوگ معاملہ مکس کر رہے ہیں۔ 4 ایکڑ زمین 1991 میں خریدی جس کے تمام دستاویزات موجود ہیں۔