کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جنید علی شاہ کی میڈیکل سے وابستہ افراد سے اپیل، یہ وقت گھروں رہنے کا یا چھپنے کا نہیں ہے۔ ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ سمیت دیگر قرنطینہ اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات سمیت علاج معالجے کے لئے دیگر سامان کی بڑی تعداد میں ضرورت ہے۔ اپنے دوستوں کی مدد سے کروڑوں روپے کی ادویات اور سامان جمع کرچکا ہوں لیکن دیکھنے میں زیادہ لگنے والی چیزیں ضرورت کے حساب سے بہت کم ہیں۔ مخیر حضرات ملک و قوم کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے آگے آئیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سابق وزیر صحت اور پاکستان پرائیویٹ ہسپتال اینڈ کلینک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اپنے ایک بیان میں شعبہ طب سے وابستہ ہر ایک شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت گھروں میں بیٹھنے یا چھپنے کا نہیں آگے آئیں قوم کا ہر فرد آپ کو پکار رہا ہے۔ دنیا کے ہر ملک میں شعبہ طب سے وابستہ افراد دن رات اپنی قوم کو کورونا وائرس کی وبا سے بچانے میں مصروف ہیں پھر ہم ایک زندہ و تاریخ ساز قوم ہوکر پیچھے کیسے رہ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جنید نے پاک افواج، پولیس، رینجرز کے جوانوں سمیت قوم کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت شعبہ طب کے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ایک فوجی جنگ میں جانے سے پہلے یہ نہیں سوچتا کہ جاؤں یا نہیں جاؤں تو پھر ہم اپنی قوم کی خدمت کے لیے کیوں سوچیں۔ جس طرح فوجی جوان کے پاس غازی یا شہید ہونے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوتا اسی طرح مقدس پیشے شعبہ طب سے وابستہ افراد کے پاس انسانیت کی خدمت کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں دو ہزار مریضوں کے لئے قائم کیے جانے والے قرنطینہ میں بڑے پیمانے پر میڈیکل اسٹاف اور علاج معالجے سے متعلق سامان اور ادویات سمیت دیگر اشیاء کی اشد ضرورت ہے۔
میرے ساتھیوں نے مل کر کروڑوں روپے مالیت کی ادویات سمیت دیگر سامان جمع کیا ہے کچھ ضروری سامان چین سے بھی منگوا رہے ہیں لیکن تعداد میں نظر آنے والے سامان آنے والے خطرات کے پیش نظر بہت تھوڑا ہے۔ ایکسپو سینٹر قرنطینہ سمیت دیگر قرنطینہ اور ہسپتالوں میں سامان اور میڈیکل اسٹاف کی کمی ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومت اپنے طور پر عوام کو کورونا وائرس کی وبا سے بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے تاہم مخیر حضرات کے تعاون اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے بے لوث جذبے اور خدمت کے بغیر موجودہ بحران سے نکلنا ممکن نہیں ہے۔ یاد رکھے یہ وقت اپنی قوم کی خدمت اور اپنے پیشے سے عہد وفا کرنے کا ہے۔
![]()