چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) ضلع اپر چترال کے علاقہ تورکہو میں استارو گاؤں میں ایک ڈمپر گاڑی لکڑی کا پل ٹوٹنے کی وجہ سے نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوا۔ ایس ایچ او تھانہ تورکہو سب انسپکٹر قربان علی کے مطابق ایک ڈمپر گاڑی رجسٹریشن نمبر 3953 جو خالی تھی وہ استارو میں نالے پر ایک لکڑی کا پُل عبور کر رہی تھی کہ پل کی خستہ حالی کی وجہ سے وہ ٹوٹ گیا اور خالی ڈمپر نیچے گر گیا۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیور افتحار احمد ولد بشیر احمد سکنہ چکاری سوری ضلع لوئر دیر موقع پر جاں بحق ہوئے۔ ان کی معیت کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بونی لائی گئی جہاں ضروری کاروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالہ کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق یہ ڈمپر گاڑی جو تعمیراتی مواد لانے کیلئے استعمال ہوتی ہے مگر فی الحال یہ خالی تھی اور تورکہو سے بونی جارہی تھی جب یہ گاڑی لکڑی کا پل عبور کر رہی تھی تو پل اچانک ٹوٹ گیا اور ڈمپر گاڑی نیچے گر گئی۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوا۔ آزاد ذرائع کے مطابق یہ پُل محکمہ مواصلات (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) کی ملکیت تھی اور یہ پہلے سے خراب تھی مگر محکمہ کے اہلکاروں نے اس کی مرمت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کے نتیجے میں یہ خالی گاڑی کا بوجھ بھی برداشت نہ کرسکا اور ایک المناک حادثے کا سبب بنا۔ آج صبح گیارہ بجے یہ حادثہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق تور کہو روڈ پر کام ہو رہا ہے استارو سڑک پر کٹائی ہورہی ہے اور یہ ڈمپر گاڑی ملبہ کو اٹھاکر پھینک رہی ہے یا سڑک کی تعمیر میں استعمال ہونے والا سامان لانے کیلئے استعمال ہوتی ہے مگر حادثے کے وقت یہ ڈمپر گاڑی خالی تھی۔
![]()