مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے ضلع لوئر کوہستان میں قائم ریسکیو سٹیشن کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد کی لوئر کوہستان ریسکیو سٹیشن آمد کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حضرت نواب خٹک، ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان سید سیف اسلام، سٹیشن ہاؤس انچارج منظور احمد کو لوئرکوہستان کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈاکٹر خطیر احمد نے ریسکیو 1122 ایمبولینس، فائر ویکل، ڈیزاسٹر ویکل اور ریسکیو آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ اور لوئر کوہستان 1122 کی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں سے بھی ملاقات کی آپریشنل معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لوئر کوہستان حضرت نواب خٹک نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کو ایک سال کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 لوئر کوہستان کو 45000 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں جن میں 592 کالز پر بروقت کاروائی کی گئی جن میں 263 ٹریفک حادثات، 22 آگ، 266 میڈیکل ، 7 جرائم کے واقعات رونما ہوئے جس میں ریسکیو 1122 اہلکاروں نے بروقت پہنچ کر خدمات فراہم کیں، انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے ریسکیورز نے 2000 ہزار سے زائد طلباء و طالبات، اور سرکاری و نجی اداروں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فرسٹ ایڈ کی تربیت دی۔ بہترین اور بروقت خدمات کی فراہمی پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حضرت نواب خٹک اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔