کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اورعافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی و اہل خانہ نے سینئر و معروف صحافی اور روزنامہ امت کے مدیراعلیٰ رفیق افغان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ اور روزنامہ امت کی پوری ٹیم سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم رفیق افغان کی زیر ادارت روزنامہ امت شواہد کے ساتھ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور ان کی رہائی و وطن واپسی کے معاملہ کو نمایاں طور پر اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رفیق افغان ایک محب وطن اور نظریاتی صحافی تھے۔ صحافت کے میدان میں ان کی خدمات ہمیشہ یادر رکھی جائے گی اور پاکستان کی تاریخ کا حصہ رہے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میں اور تمام اہل خانہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ رفیق افغان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔