کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) القادرانٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی کے علاقے لیاقت اسکوائر ملیر میں عوام کی سہولت کے لیے ایک فری طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، جلدی امراض، ہڈی و جوڑ، آنکھ کان ناک اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا طبی معائنہ اور ٹیسٹ کیے گئے۔ القادر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے طبی کیمپ سے ملیر سمیت گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے علاقوں کے سیکڑوں افراد نے استفادہ کیا۔ طبی کیمپ میں امراض کی تشخیص کے بعد مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین القادر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن غلام ہاشم نورانی، عبدالصمد بڈھانی، خرم عبدالرزاق، احمد علی، محمد آصف، مفتی ولید اور سکندر بھی موجود تھے۔ اہل علاقہ نے کیمپ کے انعقاد پر القادر فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں سے اظہار تشکر کیا۔ غلام ہاشم نورانی نے کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القادر فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ہم بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا اور کراچی کے تمام اضلاع اس طرح کے کیمپس لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولتیں مل سکیں۔ غلام ہاشم نورانی نے بتایا کہ ہم مستحقین کے لیے کفالت پروگرام، روزگار، قرض حسنہ، شادی میں تعاون، فری کلینک، مفت گوشت کی فراہمی، صبح کا ناشتہ اور روحانی علاج سمیت دیگر منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔ مستحق افراد ہم سے بلاجھجک رابطہ کرسکتے ہیں۔
![]()