کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ کورونا وائرس کی طرح عوامی مسائل پر بھی توجہ دیں، صحرا تھر میں خوراک کی کمی کی وجہ سے معصوم بچے مر رہے ہیں وہاں پر توجہ کی ضرورت ہے، عوامی مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر مسئلے پر سیاست کر رہی ہے سندھ میں دیگر مسائل نظر کیوں نہیں نظر آرہے، عوامی فنڈز سے لطف اندوز ہونے والے عوامی نمائندوں نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے، سندھ میں پینے کے صاف پانی کی کمی اور گندے پانی کے استعمال کی وجہ سے لوگوں کی زندگی مفلوج ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی اور سیوریج ٹریٹمنٹ کی فراہمی کا ذمہ دار ہے، جو صاف پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگوں کو پرائوٹ گاڑیوں میں مریض کو ہسپتال لے جانا پڑتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہوگئے ہیں۔عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔