Home / اہم خبریں / عمر زئی اور اتل کی دھواں دار اننگز، افغانستان کی ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف شاندار فتح

عمر زئی اور اتل کی دھواں دار اننگز، افغانستان کی ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف شاندار فتح

شارجہ/کراچی، (رپورٹ: ذیشان حسین) ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی معرکے میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز کے بھاری فرق سے زیر کر لیا۔ عظمت اللہ عمر زئی کی برق رفتار 21 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز اور صدیق اللہ اتل کی ناقابلِ شکست 73 رنز کی باری نے بلو شرٹس کو 189-6 کا مضبوط مجموعہ فراہم کیا، جس کے بعد افغان باؤلرز نے نپی تلی بولنگ اور شاندار فیلڈنگ کے ذریعے حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور اتل نے جارحانہ آغاز سے اننگز کو استحکام بخشا۔ انہوں نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی باری کھیلی جبکہ تجربہ کار محمد نبی نے 26 گیندوں پر قیمتی 33 رنز جوڑے۔ آخری اوورز میں عمر زئی نے پانچ بلند و بالا چھکوں کے ساتھ صرف 21 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ہانگ کانگ کے باؤلرز کو بے بس کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ فضل حق فاروقی اور عمر زئی نے اوپنرز ذیشان علی (5) اور انشومن رتھ (0) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نزارکت خان اور کلہن چلو رن آؤٹ ہوئے جبکہ نور احمد نے کنچت شاہ کو 5 رنز پر آؤٹ کر کے ہانگ کانگ کو 72-6 پر گہری مشکلات میں دھکیل دیا۔

بابر حیات نے 43 گیندوں پر 39 رنز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی، تاہم دیگر بیٹرز ناکام رہے اور پوری ٹیم 20 اوورز میں محض 94-9 پر محدود ہوگئی۔ افغانستان کے باؤلرز میں فضل حق فاروقی اور گل بدین نائب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فیلڈرز نے بھی کمال مہارت کا مظاہرہ کیا۔

عمر زئی کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ صدیق اللہ اتل کو برق رفتار بیٹنگ پر مؤسٹ ویلیوایبل پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے ایشیا کپ کی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے