کراچی، (نوپ نیوز / اسٹاف رپورٹر) یاماہا موٹر پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں موٹر سائیکل کی تیاری بند کر رہی ہے۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ کاروباری پالیسی میں تبدیلی کو قرار دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری نوٹس میں کہا گیا ہے: "کاروباری پالیسی میں تبدیلی کے باعث ہم پاکستان میں موٹر سائیکل کی تیاری بند کر رہے ہیں۔ آپ کی طویل عرصے سے ملنے والی حمایت اور وفاداری پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔”
یاماہا نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیداواری عمل کے خاتمے کے باوجود بعد از فروخت سہولیات جاری رہیں گی۔ کمپنی نے کہا کہ مستند ڈیلرز کے ذریعے اسپیئر پارٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس کے لیے وافر مقدار میں اسٹاک محفوظ کیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ کمپنی نے اپنے موجودہ وارنٹی اسکیمز کے تحت سروس اور وارنٹی سہولیات فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے، جہاں یاماہا نے برسوں تک مضبوط برانڈ شناخت اور وفادار صارفین کی ایک بڑی تعداد قائم رکھی۔