کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) انصاف ہاؤس کراچی میں ایم پی اے خرم شیر زمان کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں اراکین اسمبلی و عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی، اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سیف اللہ ابڑو کو ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اجلاس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیف اللہ ابڑو پیپلز پارٹی کی قیادت کا قریبی ساتھی رہا ہے، سیف اللہ ابڑو 2018 میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے جبکہ متعدد رہنما ایسے بھی ہیں جو سالہا سال پارٹی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اجلاس میں تحریک انصاف قیادت سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، اجلاس میں اس بات پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ وہ سینٹ میں سیف اللہ ابڑو کو سپورٹ نہیں کرینگے۔ واضح رہے کہ کراچی ریجن سے قبل حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سیف اللہ ابڑو کو سینٹ کا ٹکٹ دینے پر پہلے ہی تحفظات کا اظہار کیا جا چکا ہے۔