راجن پور (رپورٹ: انعام باری) کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا خطرے میں ہے، یہ مہلک وائرس وبا کی طرح پھیل کر انسانی جانوں کو متاثر کر رہا ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے شریعت اسلامی کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار حافظ طاہر محمود اشرفی چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے قاری عزیز اکبر قاسمی سیکرٹری جنرل پاکستان علماء کونسل پنجاب، عاصم علیم چوہدری ضلعی سیکرٹری اطلاعات راجن پور سے اپنی رہائشگاہ لاہور میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہدایات کی کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اردو تقریر ختم اور عربی خطبات کو مختصر کیا جائے، مصافحہ اور معانقہ کی بجائے صرف السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ کہا جائے پوری قوم کثرت سے استغفار کرے، آیت کریمہ پڑھی جائیں، صدقہ و خیرات دیا جائے، مریض و بزرگ مساجد کے بجائے گھر میں نماز پڑھیں تو بہتر ہوگا، مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی صفائی کا مکمل خیال رکھا جائے۔ مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے اور نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نمازیں مساجد میں کھلی جگہ پر ادا کی جائیں۔ نمازی سنتیں گھر میں ادا کر کے آئیں اور نماز کے بعد کی سنتیں بھی گھر میں ادا کریں، حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، یہ تدابیر قطعی طور پر توکل علی اللہ کے خلاف نہیں ہیں۔
![]()