ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ کے علاقہ دانہ سر کے مقام پر بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑی تودہ گرنے سے ڈیرہ ژوب و کوئٹہ روڈ ٹریفک کیلئے بند، درازندہ انتظامیہ نے روڈ کھولنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے، گاڑیوں کے ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے باعث تحصیل درازندہ کے علاقہ دانہ سر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑی تودہ گر گیا۔ پہاڑی تودہ گرنے سے ڈیرہ ژوب/ کوئٹہ بین الصوبائی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی اور سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ لینڈ سلائیڈنگ اور روڈ کی بندش کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر کی جانب سے تحصیل انتظامیہ درازندہ کو فوری طور پر ٹریفک کی بحالی کیلئے ہیوی مشینری موقع پر پہنچانے اور سڑک کھولنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور انتظامیہ نے ٹریفک کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ ادھر انتظامیہ کی جانب سے لوگوں سے مذکورہ روڈ پر غیر ضروری سفر نہ کرنے اور ڈرائیورز و ٹرانسپورٹرز حضرات کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
![]()