میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمینٹ ایسوسی ایشن میرپورخاص ریجن کے ایک وفد نے ریجنل صدر فیصل خان زئی کی قیادت میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی سے ملاقات کی، وفد نے وزیر تعلیم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پورے سندھ کے پرائیویٹ اسکولز کے اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور تحریری یاداشت پیش کی۔ اپسما کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ نے یاداشت میں مطالبہ کیا کہ نیا تعلیمی سال ماہ اپریل سے شروع کیا جائے اسکولوں کا ریکارڈ اور سرٹیفیکٹ کی تصدیق تعلقہ سطح پر کی جائے تاکہ دور دراز کی اسکوز انتظامیہ کو سفری تکالیف سے نجات حاصل ہو۔ آن لائن رجسٹریشن اور تجدید کے عمل کو آسان کیا جائے۔ سالانہ چھٹیوں کو کم کیا جائے۔ تعلیمی اداروں سے لیبر قوانین اور محکمہ صحت کی جانب سے غیر ضروری اقدامات کو ختم کیا جائے۔ اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر اجتماعی فیصلے کیئے جائیں۔ پورے سندھ میں تعلیمی بورڑز کی فیسوں اور امتحانات کا یکساں شیڈول مرتب کیا جائے۔ پرائیویٹ اسکولز پر لاگو قوانین پر نظرثانی کی جائے اور حقیقی تعلیمی اصلاحات کے زریعے انقلابی اقدامات کیئے جائیں۔ اسکولز کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے گریزاں کیا جائے۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے اپسما کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ہم اور آپ مل کر سندھ میں تعلیمی شرح کو بڑھائیں گے اور اس سلسلے میں آپ سب کی مشاورت سے جلد اہم اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔
![]()